افغانستان: فورسز کے فضائی حملے، شیڈوگورنر سمیت 4 طالبان ہلاک،متعدد زخمی
کابل(آن لائن)افغانستان میں سکیورٹی فورسز کے فضائی حملوں میں طالبان کے شیڈو ضلعی گورنر سمیت چار جنگجو ہلاک ہو گئے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان سکیورٹی فورسز نے صوبہ فراح کے ضلع بالا بیولک میں طالبان کے ٹھکانوں کو حملوں کا نشانہ بنایا جس کے نیتجے میں ضلعی گورنر ملا باری سمیت چار جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا طالبان ضلعی گورنر متعدد دہشتگردانہ حملوں میں ملوث تھا ۔ علاوہ ازیںشمالی صوبے قندوز کے ایک ضلع کو طالبان سے آزاد کرا لیا ہے۔ دشت آرچی نامی اس ضلع کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے فوجی آپریشن جمعے کی سہ پہر ختم ہوا تاہم اس کی اطلاع ہفتے کی صبح دی گئی۔ ملکی وزارت دفاع کے نائب ترجمان نے اس پیش رفت کی تصدیق کر دی ہے۔ اس عسکری آپریشن میں کم از کم چار فوجی زخمی ہوئے۔ طالبان نے تقریباً تین ہفتے قبل اس ضلع پر قبضہ کر لیا تھا۔