• news

پسند کی شادی ،لڑکی کا شوہر کے حق میں بیان،عدالت نے ساتھ بھجوا دیا

ملتان (سپیشل رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کی جانب سے شوہر کے حق میں بیان دینے پر اسے شوہر کے ساتھ بھجوانے کا حکم دیا ہے۔ اس موقع پر فریقین کی بھاری تعداد عدالت کے باہر موجود تھی اور جھگڑے کی ممکنہ صورت حال کے پیش نظر متعلقہ تھانہ کے ایس ایچ او سمیت پولیس اہلکار کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے تاہم لڑکی کی جانب سے شوہر کے حق میں دیے جانے والے بیان کے بعد ایس ایچ او نے محبت کی شادی کرنیوالے جوڑے کو بحفاظت بخشی خانہ تک پہنچادیا۔ ملتان کے علاقہ سورج میانی کے رہائشی ارسلان نے مرضی سے صبا سے شادی کی تھی۔جس پر لڑکی کے والدین نے لڑکے پر سنگین الزامات عائد کیے جس پر جوڑا مقدمہ کی پیروی کے لیے عدالت جارہا تھا کہ لڑکی کے والدین نے راستے میں ہی انہیں دبوچ لیا اور لڑکے کی خوب درگت بنائی تھی بعد ازاں مقدمہ درج ہوا اور گزشتہ روز لڑکی کو بیانات قلمبند کرانے کے لیے علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جس نے شوہر کے ساتھ جانے کی رضا مندی ظاہر کی تھی ۔

ای پیپر-دی نیشن