سابق حکمرانوں نے معیشت کا دیوالیہ نکال دیا، احتساب جاری رہے گا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے۔ پاکستانی اور کشمیری عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان کی حکومت اور عوام چٹان کی طرح مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر کے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت دم توڑ رہی ہے، اقوام عالم کو انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان کشمیری عوام کے جرأت مند اور دلیر سفیر بن چکے ہیں اور انہوں نے ہر محاذ پر کشمیر کا مقدمہ کامیابی سے لڑا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شب ظلمت جلد ختم ہونے کو ہے اور کشمیری عوام کی قربانیوں سے آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ایک برس کے دوران عام آدمی کی فلاح کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں ۔ احساس پروگرام، کم لاگت ہاؤسنگ سکیم، پناہ گاہیں اور صحت انصاف کارڈ جیسے بڑے پروگرام عام آدمی کیلئے ہیں۔ سرکاری اداروں میں اصلاحات کے ذریعے عوام کو خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی لوٹ مار اور کرپشن کے باعث ملک کی معیشت تباہ ہوئی۔ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں معیشت کا دیوالیہ نکل گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خراب معاشی صورتحال کو ایک سال کی انتھک محنت کے باعث درست سمت کی جانب گامزن کیا گیا ہے اور حکومت کے معیشت کی مضبوطی کے لئے کئے گئے سخت فیصلے بار آور ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلا خوف قومی دولت پر ہاتھ صاف کرنے والوں کو اب بلا امتیاز احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کرپٹ ٹولے سے لوٹی ہوئی دولت واپس لینا ہر پاکستانی کی آواز ہے اور احتساب کا عمل رکے گا نہیں، قومی وسائل لوٹنے والوں کو حساب دینا ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف شہروں سے آئے لوگوں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔وزیراعلیٰ فرداً فرداً لوگوں کی نشستوں پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا اور انہیں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے عوامی مسائل کے حل کو اپنی ترجیح بنایا ہے۔ عام آدمی کے مسائل حل کرنا میرا مشن ہے اور فرض بھی۔ ہماری نیت صاف اور توجہ کا مرکز عام آدمی ہے۔ میں نے اپنے اور عوام کے درمیان کسی کو حائل نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی مفادات کو نظر انداز کیا گیا۔ سابق دور ذاتی مفادات کا دور تھا جبکہ تحریک انصاف ہر سطح پر قومی مفاد کو ترجیح دے رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیصل آباد کے 6 سالہ بچے عبداللہ کے مرض کے بارے میں جیو نیوز پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئیمحکمہ صحت کے حکام کو عبداللہ کے اہل خانہ سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 6 سالہ عبداللہ کی بیماری کا علاج سرکاری سطح پر کرایا جائے گا اور علاج معالجے کے تمام اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عبداللہ کے مرض کا علاج جہاں بھی ممکن ہوا، کرائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حاصل پور کے رہائشی بچے واجد کی آنکھوں کی پیچیدہ بیماری کا علاج سرکاری سطح پر کرانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے کی آنکھوں کے علاج معالجے پر اٹھنے والے اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت کو بچے کے علاج معالجے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جو واجد کی آنکھوں کا معائنہ کرے گا اور علاج معالجے کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گا۔