• news

14 افسروں کے کنٹریکٹ میں تیسری بار خلاف ضابطہ توسیع کی تجویز کا انکشاف

اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی نظامت تعلیمات کی جانب سے گریڈ سترہ اور گریڈ انیس کے چودہ افسران کو کنٹریکٹ میں تیسری بار خلاف ضابطہ توسیع دینے کی تجویز کا انکشاف ہوا ہے۔ ان ملازمین میں گریڈ انیس کے تین ایریا ایجوکیشن آفیسرز اور گریڈ سترہ کے گیارہ مانٹیسوری اساتذہ شامل بتائے گئے ہیں۔ توسیع سے فائدہ اٹھانے والوں میں سال2016ء میں سابق مسلم لیگ ن حکومت کی جانب سے تعینات کردہ 11مانٹیسوری اساتذہ بھی شامل ہیں ،جنہیں گریڈ سترہ میں ایک سال کے کنٹریکٹ پر تعینات کیا گیا تھا ،یہ اساتذہ اس وقت کے وزیر ڈاکٹر طارق فضل چودھری کے چہیتے اور کیڈ کے مشیر علی رضا اور ایف ڈی ای کے موجودہ ڈائریکٹر ثاقب شہاب کی مشاورت سے بھرتی کئے گئے تھے۔ مذکورہ مانٹیسوری اساتذہ کو اس سے پہلے دو بار کنٹریکٹ میں توسیع دی جا چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں شامل اکثر اساتذہ کے پاس مطلوبہ کوالیفکیشن موجود نہیں ہے۔ وفاقی نظامت تعلیمات کے ایک بااثر ڈائریکٹر کی ایماپر ان کے کنٹریکٹ میں ایک سال مزید توسیع کی تجویز دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن