برطانوی شاہی جوڑا پاکستان کے پانچ روزہ دورے پرآج اسلام آباد پہنچے گا
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) برطانوی شاہی جوڑا آج پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلیٹن کا دارالحکومت پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔ نوے کی دہائی میں لیڈی ڈیانہ کے یادگار دورہ کے بعد شاہی جوڑے کا یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی مراسم کا آئینہ دار ہوگا۔ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈایو نے برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستانی پر اپنے ایک پیغام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شاہی جوڑے کے استقبال کے لیے بڑا جوش پایا جاتا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ شاہی جوڑے کا یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی تعلقات کی ایک کڑی ہے۔ شاہی جوڑا جہاں پاکستان کے دورے میں پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں قیام کرے گا وہاں ثقافتی مرکز لاہور‘ خیبرپختونخوا کے سنگلاخ پہاڑی علاقوں اور شمالی علاقوں کا بھی دورہ کرے گا۔ تھامس ڈایو کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا جہاںپاک برطانیہ تعلقات کی تاریخ کا مظہر ہوگا وہاں شاہی جوڑا پاکستان کے مستقبل خاص طور پر نوجوانوں سے بھی ملاقاتیں کرے گا اور ایک فعال اور متحرک پاکستان کے مستقبل کے نوجوانوں سے بھی آگاہی حاصل کرے گا۔