• news

شہباز شریف نے پارٹی کا اعلیٰ سطح کا ایک اور اجلاس آج طلب کر لیا

اسلام آباد (محمد نوازضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے پارٹی کا اعلیٰ سطح کا ایک اور اجلاس آج لاہور میں طلب کر لیا ہے۔ میاں شہباز شریف نے ہفتہ کے اجلاس میں جن تین رہنمائوں پرویز رشید، محمد زبیر اور میاں جاوید لطیف کو مدعو نہیں کیا تھا انہیں آج کے اجلاس میں بلا لیا گیا ہے۔ انہوں نے گذشتہ روز کے اجلاس میں مدعو نہ کرنے پر گلہ شکوہ کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرا یاجس کے بعد ان کی شکایت دور کر دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کاوفد مولانا فضل الرحمنٰ سے پشاور میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔ احسن اقبال کی قیادت میں امیر مقام اور مریم اورنگ زیب پر مشتمل مسلم لیگی وفد نے مولانا فضل الرحمنٰ سے ملاقات کی ان کے ہمراہ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی تھے اور ان تک میاں نواز شریف کا خط پہنچایا پشاور میں ہونے والی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی وفد نے اڑھائی گھنٹے سے زائد ملاقات کی۔ میاں نواز شریف کے خط کی روشنی میں آزادی مارچ اور دھرنا کے شیڈول پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے آزادی مارچ کی حمایت پر شکریہ ادا کیا مسلم لیگی وفد رات گئے پشاور سے اسلام آباد واپس آگیا ۔

ای پیپر-دی نیشن