کنٹرول لائن پر رہنے والے کشمیریوں کے حوصلے بلند، بھارتی جارحیت سے پہلے ڈرے نہ اب خوفزدہ ہیں: وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد (نوائے وقت نیوز) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام کے حوصلے بلند ہیں۔ کشمیری بھارتی جارحیت سے پہلے ڈرے نہ اب خوفزدہ ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے شیخ خلیفہ زید ہسپتال مظفر آباد کا دورہ کیا۔ وزیراعظم نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی افراد کی عیادت کی۔ وزیراعظم نے زخمیوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی افراد کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا ایل او سی کے اس پار ہمارے بھائی قربانیاں دے رہے ہیں۔ بھارتی فوج جان کر معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔ پاک فوج کبھی ایل او سی کے اس پار شہری آبادی پر فائرنگ نہیں کرتی۔ انہوں نے مزید کہا لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام کے حوصلے بلند ہیں۔ کشمیری بھارتی جارحیت سے پہلے ڈرے‘ نہ اب خوفزدہ ہونگے۔