• news

نیب: 900 ارب کے 1219 ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر

اسلام آباد (نامہ نگار/ چوہدری شاہد اجمل) قومی احتساب بیورو (نیب) نے 900 ارب روپے مالیت کے 1219 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کیے ہیں جبکہ گزشتہ 22 ماہ میں بدعنوان عناصر سے71 ارب روپے کی ریکوری کی ہے، مضاربہ اور مشارقہ سیکنڈل کے 616 ملین روپے ریکورکیے گئے اور 32 ریفرنس دائر کیے جا چکے ہیں۔ اب تک مضاربہ/ مشارکہ اسیکنڈل میں تقریباً 6 ہزار کنال زمین، 10 مکانات اور 12 قیمتی گاڑیاں برآمدکی ہیں۔ نیب رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت نے مفتی احسان کومضاربہ کیس میں 10سال قید اور9 ارب روپے جرمانہ جبکہ9 دوسرے ملزمان کو 1ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی ہوئی ہے۔ مفتی احسان اور دیگر مجرمان سے 10ارب روپے بر آمد کر کے متاثرین کو قانون کے مطابق واپس کئے جائیں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیب نے اپنے قیام سے ابتک 342 ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔ قومی احتساب بیورو کا مجموعی طور پر سزا دلوانے کی شرح تقریباً 70 فیصد ہے۔ نیب کو مضاربہ/ مشارقہ اسیکنڈل میں تقریباً43 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں جن پر قومی احتساب بیورو نے قانون کے مطابق کارروائی کی۔ رپورٹ کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چئیرمین نے بدعنوانی کے خاتمے کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے زیروٹالرینس کی پالیسی اپنائی۔ 71 ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے۔ اس کی مثال گزشتہ کسی بھی 22 ماہ میں نیب کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

ای پیپر-دی نیشن