• news

پاکستان علماء کونسل کسی مارچ یا دھرنے میں شریک نہیں ہوگی: طاہر اشرفی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل کسی مارچ یا دھرنے میں شریک نہیں ہو گی ، حکومت اور مولانا فضل الرحمن مفاہمت سے معاملات کو حل کریں۔ ملک میں انتشار اور فساد پھیلانے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ جمعۃ المبارک کو مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے یوم کے طور پر منایا جائے گا۔ ماہ ربیع الاول و ثانی ملک بھر میں ماہ رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے طور پر منائیں گے ، 23 فروری کو یوم تاسیس اور 29 مارچ کو پانچویں عالمی پیغام اسلام کانفرنس کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گی۔ وزیر اعظم اور آرمی چیف کی طرف سے مسلم ممالک کے درمیان مصالحانہ کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ حکومت کے آئین، قانون اور شریعت کے دائرے میں تمام اقدامات کی حمایت کریں گے، غیرآئینی ، غیر قانونی اور غیر شرعی امور میں محاسبہ کریں گے، یہ بات پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ و عاملہ کے اجلاس کے بعد فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا عبد الکریم ندیم، مولانا ایوب صفدر ، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا زبیر عابد ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسد اللہ فاروق ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا اسعد زکریا، مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا عمار بلوچ ، مولانا حاجی محمد طیب قادری ، مولانا عبد القیوم فاروقی ، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا اسلم قادری ، مولانا شکیل الرحمن قاسمی ، مولانا امین الحق اشرفی ، مولانا حق نواز خالد ، مولانا قاری عبد الحکیم اطہر، مولانا اسلم صدیقی ، مولانا عبد المالک آصف، مولانا مفتی عمران معاویہ، حمزہ طاہر الحسن، مولانا نصراللہ قاسمی، مولانا حبیب الرحمن عابد،حافظ کفائت اللہ، مولانا اسماعیل عثمانی ، قاری اعجاز ملک، مولانا عبد اللہ رشیدی اور دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا پاکستان علماء کونسل محاذ آرائی ، تشدد و فساد کی سیاست نہیں چاہتی ، پاکستان علماء کونسل کسی مارچ یا دھرنے میں شریک نہیں ہو گی حزب اختلاف اور حزب اقتدار آزادی مارچ سے تبلیغی اجتماع میں آنے والے شرکاء کا بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، لہذا پاکستان اور عالم اسلام کے حالات کا تقاضہ ہے کہ ملک میں کسی بھی انتشار اور فساد کو نہ پھیلنے دیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن