• news

قانون ناموس رسالت میں تبدیلی کسی صورت منظور نہیں، عزت رسول کانفرنس

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہل سنت کی سالانہ عزت رسول کانفرنس امت مسلمہ اور وطن عزیز کے دفاع کے عزم اور رقعت آمیز دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان کی آٹھویں سالانہ انٹرنیشنل عزت رسول کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں اندرون وبیرون ملک سے آنیوالے مشائخ عظام، 100سے زائد خانقاہوں کے مشائخ، دینی مدارس کے سربرہان اور مفتیان کرام نے کہا ہے کہ عزت رسول کیلئے خون میں گرمی اور جذبے جواں ہیں، اپنے آقا کی حرمت کیلئے جان و مال کی قربانی سعادت سمجھتے ہیں۔ ناموس رسول پر جان قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ قانون ناموس رسالت 295C میں تبدیلی کسی صورت بھی منظور نہیں۔ ناصرباغ لاہور میںمنعقد ہونیوالی مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان کے زیراہتمام آٹھویں سالانہ انٹرنیشنل عزت رسول کانفرنس کی اختتامی نشست ہوئی جس سے صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ گیلانی، دیوان احمد مسعود چشتی، پیر عبدالخالق القادری امیر مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان عالمی مبلغ اسلام پیر سید محمد عرفان مشہدی نے خطابات کئے۔ اس موقع پر نظامت کے فرائض سید احسان گیلانی اور قاضی عبدالغفار قادری نے انجام دئیے۔ اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید محمد عرفان مشہدی نے کہا کہ پاکستان ہمارے آبائو اجداد نے بنایا تھا۔ آج ہم پھر عہد کرتے ہیں کہ اپنے پیارے ملک کو حقیقی معنوں میں نظام مصطفی کا گہوارہ بنائیں گے۔ پیر عبدالخالق القادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان میں اقلیتیں محفوظ اور خوش ہیں لیکن درجن بھر لوگ ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت ایسے لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میںلائے جو چند ڈالروں کیلئے اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔ پیر سید مظفر حسین شاہ نے اپنے خطاب میںکہا کہ قادیانیوں نے ہمیشہ اپنے مفاد میں پاکستان دشمنی کی، پاکستان کو اقوام عالم میں تنہا کرنے کیلئے کوشاں رہے، بھارت کا ساتھ دیتے اور پاکستان کی مخالفت کرتے ہیں، لیکن اہل سنت واضح کردیتے ہیں کہ ہم عزت رسول کیلئے کسی سے بھی ٹکرانے کیلئے تیار ہیں۔ پیر ابوبکر شرقپوری نے کہا کہ خانقاہیں دین اسلام میں سب سے بڑی فورس ہیں، کروڑوں عقیدت مند دراصل سپاہی ہیں جو اپنے دین اسلام اور پاک وطن کے نظریات و سرحدوں کے محافظ ہیں۔ بغداد شریف سے آئے شیخ محمد لطیف الحسینی القادری نے عربی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک میں یہودی لابی کا اثر بڑھ گیا ہے اور وہ مسلمان کو مسلمان کے ساتھ لڑا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ گیلانی نے کہا کہ عاشقان مصطفی کہیں بھی کسی بھی حال میں ہوں ان کے دل میں اپنے پیارے آقا کریم کی محبت کم نہیں ہوتی نہ کوئی کر سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن