گوجرانوالہ: 4 ہزار سے زائد افراد کو سمگل کرنیوالے گروہ کا سرغنہ گرفتار
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ایف آئی اے کی ٹیم نے چھاپہ مار کاروائی کے دوران ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انٹر نیشنل گروہ کے سرغنہ انسانی اسمگلرکو مزاحمت کے بعد گرفتار کر کے اسکے قبضہ سے درجنوں سفری دستاویزات اور دیگر اشیاء بر آمد کر لیں، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ناصر عزیز ورک کی سربراہی میں انچارج انوسٹی گیشن آفیسر جاوید اقبال گھمن، سب انسپکٹر احمد نذیر، کانسٹیبل بلال اور ٹیم کے دیگر اہلکاروں نے مخبر کی اطلاع پر چھاپہ مار کاروائی کی اس دوران انہوں نے ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر ملک فیصل اعجاز احمد کو مزاحمت کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کیخلاف گوجرانوالہ میں 6مقدمات ، لاہور میں 14، گجرات میں28، اسلام آباد اور فیصل آباد میں ایک ایک مقدمہ درج ہے، ملزم 2008 سے انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ور ک چلا رہا ہے جو انٹرنیشنل گروہ کا سرغنہ تھا، فیصل ملک کا نام وزرات داخلہ کی ریڈ بک میں شامل تھا۔ اس گروہ میں ایرانی اور ترکش افراد بھی شامل ہیں، گروہ ابتک چار ہزار سے زائد افراد کو مختلف ممالک میں اسمگل کر چکا ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش مزید انکشافات کئے، ملزم کی نشان دہی پر ایف آئی اے ٹیم نے اس کے دیگر فرار ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔