• news

دوحہ: پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا، فتح کشمیریوں کے نام

لاہور (سپورٹس رپورٹر) دوحہ (قطر) میں ہونیوالی ورلڈ بیچ گیمز میں گروپ اے کے 90 کے جی مقابلوں میں پاکستان کے انعام بٹ نے گولڈ میڈل جیت لیا اور گولڈ میڈل کشمیری عوام کے نام کر دیا ہے۔ انعام بٹ نے فائنل میچ میں جارجیا کے پہلوان مارسا داتو کو 2کے مقابلے میں 5پوائنٹس سے شکست دی۔ میچ میں کامیابی کے بعد پاکستانی پہلوان نے سبز ہلالی پرچم تھام کر خوب جشن منایا۔ اس سے قبل انعام بٹ نے کوارٹر فائنل میں ترکی کے اوزکان مورت کو صفر کے مقابلے میں ایک پوائنٹس سے شکست دی۔ سیمی فائنل میں انعام بٹ نے سپین کے ریسلر کو شکست دی تھی۔ ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے انعام بٹ نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی جیت ہے جس پر انہیں فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا پوری قوم کا شکریہ جنہوں نے میرے لئے دعائیں کیں۔ یاد رہے انعام بٹ ورلڈ بیچ گیمز میں پاکستان کی جانب سے نمائندگی کرنیوالے کھلاڑی تھے۔ دریں اثناء پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن اور سیکرٹری خالد محمود نے انعام بٹ کو ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے پاکستان ریسلنگ کی کامیابی قرار دیا ہے۔ ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ارشد ستار نے بھی انعام بٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پہلوان نے سخت محنت کی تھی انعام بٹ نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم ہو رہا ہے جیت ان کے نام کرتا ہوں دوحہ میں بھی کشمیریوں کا ذکر کیا فائنل میں کافی سخت مقابلہ ہوا جارجین ریسلز نے جارحانہ مقابلہ کیا اپنی مدد آپ کے تحت ایونٹ کی تیاری کی۔ سپورٹس بورڈ کچھ نہیں کر رہا اولمپک کوالیفائڈ کھیلنا ہے لیکن تیاری کیسے کروں ؟ فنڈز نہیں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن