زرداری کو جیل سے پمز منتقل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد (نا مہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاونٹس کیس کے ملزم آصف علی زرداری کو بیماری کے باعث اڈیالہ جیل سے پمز منتقل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، جبکہ آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت سے استدعا کی کہ زرداری صاحب کو دو ذاتی اٹینڈینٹ ساتھ رکھنے کی اجازت دی جائے، ہمارے لوگ جیل کے باہر اپنا خیمہ لگا لیں گے، صرف صبح اور شام اندر جا کر چیک کریں گے۔ سابق صدر کی جان کو خطرہ ہے، طبی سہولیات ملنا ان کا حق ہے،انہوں نے عدالت کو بتایا کہ زرداری کو دل کی تکلیف ہوئی تو یہ لوگ ہسپتال نہیں پہنچا سکیں گے کیونکہ اڈیالہ جیل سے ہسپتال تک ڈیڑھ گھنٹہ لگ جاتا ہے، لطیف کھوسہ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ میڈیکل بورڈ نے طبی سہولیات کے لیے زرداری کو پمز منتقل کرنے کا کہا جس کے بعد یہ لوگ ایک دن پمز لے کر گئے مگر دوسرے ہی دن جیل واپس منتقل کر دیا، انہوں نے کہا کہ زرداری اس حکومت سے کچھ بھی نہیں لینا چاہتے لیکن انہیں قانونی حق ملنا چاہیے۔ ہم نے ضیا الحق سے بھی معافی نہیں مانگی تھی، عدالتی ریلیف ہمارا حق ہے۔