تحریک انصاف اور سہولت کاروں کو ملکر گھر بھیجیں گے: بلاول
لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے 18 اکتوبر کو کراچی سے حکومت کے خلاف سیاسی جدوجہد شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مل کر تحریک انصاف اور ان کے سہولت کاروں کو گھر بھیجیں گے۔ لاڑکانہ ڈسٹرکٹ بار اور پیپلز لائرز فورم سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ حکومت کسی کو نہیں چھوڑتی، پورا ملک سراپا احتجاج ہے، مذہبی تنظیمیں اور کاروباری طبقہ بھی احتجاج پر مجبور ہے جبکہ میڈیا، سرکاری ادارے اور نجی شعبے سے نوجوانوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔ وکلا سے پیپلز پارٹی کی حمایت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم تحریک انصاف اور ان کے سہولت کاروں کو گھر بھیج سکیں۔ ہم نے مل کر ایک ایسی عوامی حکومت بنانی ہے جو غریبوں اور عام آدمی کو سہولت دے اور اس قسم کی حکومت صرف پیپلز پارٹی ہی بنا سکتی ہے۔ ہم اس غیرجمہوری حکومت کے خلاف جدوجہد کا آغاز کریں گے، کراچی میں جلسہ رکھیں گے، تھرپارکر اور کشمور کے بعد ہم پورے جنوبی پنجاب کا دورہ کریں گے اور اس کے بعد خیبرپی کے سے کشمیر تک آپ کا پیغام لے کر جائیں گے۔ اس حکومت کے دور میں عوام ایک عذاب میں ہیں، بجلی، گیس ہر طرح کا بل پہلے سے زیادہ آرہا ہے۔ سلیکٹڈ عوام کے معاشی حقوق کا تحفظ نہیں کرنا چاہتے اس لئے ہم نکلے ہیں۔ پی ٹی آئی اور اس کے سہولت کار ایک سال سے ہمارے جمہوری حقوق پر حملے کرتے آرہے ہیں۔ ہمارے جمہوری اور معاشی حقوق پر حملہ ہورہا ہے، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیربھٹو قتل کیس میں آج تک انصاف نہ ملا کیا ہماری عدلیہ انصاف کرتی ہے۔ عوام کٹھ پتلی حکومت کے ساتھ نہیں، ہر کوئی احتجاج کر رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے پاس ہی عوام کے مسائل کا حل ہے۔ عوام دشمن حکومت کیخلاف ہمارا سفر جاری رہے گا۔ مہنگائی اور ٹیکسز کا طوفان کھڑا کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کی معاشی صورتحال بدحال ہے۔