کوئٹہ: ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے نزدیک بم دھماکہ، ایک اہلکار شہید، 10 زخمی
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر نادرا آفس کے قریب زور دار دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید 10 زخمی ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہر کے مصروف علاقے ڈبل روڈ پر نادرا آفس کے باہر پولیس وین کے قریب زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے بعد ایک گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور دور سے سیاہ بادل فضا میں بلند ہوتے دکھائی دے رہے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور تفتیشی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے جبکہ ریسکیو ٹیمیں بھی جائے دھماکہ پر پہنچ گئیں جو امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل پر نصب تھا۔ دھماکہ سے کئی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ میں سٹیلائٹ ٹائون کے قریب ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے سے قریب کھڑی متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ریسکیو حکام نے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر دھماکے کے حوالے سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں۔