آئی جی کا بین الصوبائی و اضلاعی چیک پوسٹوں کے سوا ناکے ختم کرنے کا حکم
لاہور (نمائندہ خصوصی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے صوبے بھر میں شہریوں کی سہولت کے لئے بین الاضلاعی اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں کے علاوہ تمام پولیس ناکوں کو فوری ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس فورس شہریوں اورگاڑیوں کی چیکنگ کیلئے جاری کردہ نئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پولیس ناکوں کی بجائے سی سی ٹی وی کیمروں اور پٹرولنگ کے ذریعے شاہرات پر مانیٹرنگ اور نگرانی کا عمل سر انجام دیا جائے، انہوں نے مزیدکہاکہ چیک پوسٹوں پر بد سلوکی یا غیر ذمہ دارانہ رویے کا تو متعلقہ ڈی ایس پی براہ راست ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں شہریوں کوناکے کی موجودگی کے حوالے سے کوئی شکایت ہے تو وہ8787آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر پر اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں، کاروائی میں کوئی تاخیر نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چہلم حضرت امام حسین علیہ سلام کے موقع پر اے کیٹیگری کے جلوسوں اور مجالس کو فور لئیر سیکیورٹی فراہم کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میںویڈیو لنک کانفرنس کے دوران صوبے کے تمام فیلڈ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال ، کرائم گراف اور پولیس ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران تمام آر پی اوز نے اپنے ریجنز میں کرائم کی صورتحال اور پولیس ٹیموں کے کارکردگی کے متعلق آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی آئی جی نے ہدایت دی ، ڈی پی اوز زیادتی کے واقعات پر خود موقع پر پہنچیں۔ بچوں اور خواتین سے متعلقہ مقدمات کی ہفتہ وار رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ حضرت عثمان علی ہجویری رحمتہ اللہ کے سالانہ عرس کے موقع پر بھی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔