• news

انرجی کمپنی کے وفد سے ملاقات: جاپان ہمیشہ پاکستان کی بہتری کیلئے کوشاں رہا‘ پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے جاپان کے پانچ رکنی وفد نے کلین انرجی کمپنی کے نائب صدر Mr. Fokaya Satoru کی سربراہی میںاسمبلی چیمبرمیں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ میں سولر انرجی سسٹم لگائے جانے سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔ سپیکر نے مہمانوں کو اسمبلی کی ساخت، پارلیمانی روایات اور اسمبلی کے رولز آف پروسیجر سے بھی آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جاپان ہمیشہ پاکستان کی بہتری کیلئے کوشاں رہا ہے۔ Mr. Fokaya Satoru نے کہا کہ ہم جاپان کیلئے پاکستانی عوام کی محبت اور خلوص کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ملاقات میں چیمہ انٹرپرائزز کمپنی لمیٹڈ جاپان کے صدر نواز چیمہ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری کوارڈی نیشن رائے ممتاز حسین بابر اور ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔ بعد ازاں وفد نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کا دورہ بھی کیا۔ دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے سابق ضلع ناظم ڈیرہ غازی خان سردار مقصود خان لغاری، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری اور احمد ساہی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران انہوں نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی جبکہ سیاسی معاملات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن