• news

دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، بھارت کشمیر میں ریاستی دہشتگردی بند کرے: پاکستان

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کا بیان اشتعال انگیزانہ ہے، بھارتی وزیر دفاع کا بیان پاکستان مخالف، انتہا پسندی اور طاقت کے نشے میں چور سوچ کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان کی مسلح افواج اور عوام مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں،دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ منگل کو ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ بھارتی وزیر دفاع نے ہریانہ میں انتخابی ریلی میں اشتعال انگیزانہ بیانات دیئے۔ پاکستان بھارتی وزیر دفاع کے بیانات کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان بی جے پی حکومت کے ذہن کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان پاکستان مخالف، انتہا پسندی اور طاقت کے نشے میں چور سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بھارتی وزیر دفاع انتہائی غیر ذمہ دارانہ انداز میں ایک خود مختار ریاست کو توڑنے کی دھمکیاں دیتا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں بارے منفی بیانات کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ بھارت پہلے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی بند کرے۔ترجمان نے کہاکہ بھارتی کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ترجمان نے کہاکہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردی کو سپانسر کرنا بند کرے۔ جب بھی بی جے پی اقتدار میں آئی پاکستان مخالف سوچ کو ہوادی گئی۔ ترجمان نے کہاکہ بی جے پی الیکشن کیلئے کوئی اور نعرہ اور جواز ڈھونڈے۔

ای پیپر-دی نیشن