ہانگ گانک کی کمپنی مزید 24 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کریگی: کاروبار میں سہولت دیتے رہیں گے: وزیراعظم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے سرمایہ کاری اور کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار اسلام آباد میں ہولڈنگ پورٹ کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر ایرک نے وزیراعظم کو اپنے گروپ کی پاکستان میں حالیہ چوبیس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کیا جس سے ان کی ملک میں کل سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر ہو جائے گی۔ وزیراعظم نے ہانگ کانگ میں قائم بندرگاہوں کا انتظام چلانے والے ہوچی سن کی طرف سے چوبیس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کو سراہا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس سرمایہ کاری سے ہوچی سن کے ملازمین کی تعداد بڑھ کر تین ہزار ہو جائے گی۔ وزیراعظم کو اس کی بانی کمپنی کی ترقی اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے گروپ کے اہم کردار اور عزم کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ یہ گروپ کراچی بندرگاہ کو ایشیا میں بڑے تجارتی مرکز میں ترقی دینے کی بھی حمایت کرے گا۔ یہ گروپ بندرگاہوں کے حوالے سے دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے اور اس کے تیس ہزار ملازمین ہیں اور یہ ایشیا سے لے کر مشرق وسطیٰ، افریقہ، یورپ، امریکہ اور آسٹریلیا تک 52 بندرگاہوں اور ستائیس ٹرمینلز کا انتظام سنبھالے ہوئے ہے۔ کمپنی کا ہیڈکوارٹر ہانگ کانگ میں ہے۔ سفیر برائے بیرون ملک سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی کی کوشش سے پاکستان کے شپنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری شروع ہوئی۔ علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اضافی کنٹینر ٹرمینل کی ضرورت ہے جبکہ سرمایہ کاری کے نتیجے میں قومی خزانے اور کراچی پورٹ ٹرسٹ دونوں کی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔ دریں اثنا وزیراعظم سے انٹرنیشنل اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو شیخ علی بن عبداللہ تانی التانی نے ملاقات کی اور پاکستان کے اندر مستقبل میں سرمایہ کاری کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ مہمان داری کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا ارادہ ہے جس کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ ان کے پاک قطر التکافل کی پاکستان میں70 سے زائد شاخیں ہیں، انہوں نے قیام امن کے لئے وزیراعظم کی کوششوں کی تعریف کی اور ان کے دورہ سعودی عرب کے بارے میں نیک خوہشات ظاہر کیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔