• news

ریسلر انعام بٹ کو والدہ نے شادی کی خوشخبری سنا دی

لاہور+ گوجرانوالہ (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ خصوصی) انعام بٹ ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر آئے تو والدہ نے بیٹے کوشادی کی خوشخبری دی۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے گولڈ میڈل جیتنے پر انعام بٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انعام نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، انعام کی جیت تمام اتھلیٹس کے لیے ایک مثال ہے۔ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے انعام بٹ کے گوجرانوالہ پہنچنے پر گھر میں جشن کا سماں بندھا ہوا ہے،دوستوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، انعام بٹ کے دوست اور اہل خانہ ان کی جیت پر خوشی سے نہال ہیں، اہل خانہ نے ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلا کر خوشی کا اظہار کیا۔ قومی ہیرو کی والدہ نے بیٹے کی شادی کی خبر سناتے ہوئے کہا کہ وہ دسمبر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گے جبکہ انعام بٹ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ گولڈ میڈل جیت کر بے حد خوش ہوں‘ گولڈ میڈل پاکستانی عوام اور کشمیری بہن بھائیوں کے نام کرتا ہوں۔ پنجاب سپورٹس بورڈ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور واپڈا کی مینجمنٹ کا‘ شعیب ملک اور وہاب ریاض کا مشکور ہوں جنہوں نے مبارکباد دی۔

ای پیپر-دی نیشن