• news

سست روی کے باعث معیشت کیلئے خدشات، مہنگائی کم ہو گی، شرح سود فی الحال برقرار رہ سکتی ہے: گورنر سٹیٹ بنک

کراچی (نیٹ نیوز، آن لائن، آئی این پی) گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی شرح نمو سست روی کا شکار ہے اور معاشی سستی روی کے باعث معیشت کیلئے خدشات پیدا ہورہے ہیں۔ امریکی جریدے بلوم برگ کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک مہنگائی کی شرح کم کرنا چاہتا ہے، مگر ستمبر میں مہنگائی میں کمی اس درجہ پر نہیں جہاں شرح سود کم ہو، تاہم مہنگائی کے اثرات آنے والے مہینوں میں زائل ہو سکتے ہیں۔ رضا باقر نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی نے شرح تبادلہ کو مارکیٹ بیس کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی سست روی کو اعتدال دینا چاہیے، ہمیں بچت کی شرح بڑھانے پر لازمی کام کرنا ہے اور بچت میں اضافے سے ہی آئی ایم ایف قرض سے بچا جا سکے گا۔ پاکستان چین تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان چین سے دوستی کو اہمیت دیتا ہے، البتہ نئے اتحادی بھی چاہتا ہے۔ آئی ایم ایف کا دروازہ بار بار کھٹکھٹانے سے بہتر سیونگ ریٹ میں اضافہ کرنا ہوگا۔ غیرملکی جریدے کے مطابق پاکستان میں شرح سود اس وقت جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہے، جنوری 2018 کے مقابلے میں شرح سود دگنی ہوچکی ہے۔ غیرملکی جریدے کا کہنا ہے کہ شرح سود میں اضافہ افراط زر کی شرح کنٹرول کرنے کے لیے کیا گیا، مہنگائی میں اضافے کی شرح 11 فیصد سے زائد ہوگئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن