کیٹ میڈلٹن نے بادشاہی مسجد آمد پر شلوار قمیص پہن رکھی تھی اور سر دوپٹے سے ڈھانپ رکھا تھا پاکستانیوں نے یاد دلایا خاندانی نظام کیا ہوتا ہے شہزادی / اردو میں بچوں کو سالگرہ کی مبارکباد
لاہور (رپورٹنگ ٹیم) بادشاہی مسجد آمد کے موقع پر شہزادی کیٹ میڈلٹن نے سبز رنگ کا مشرقی لباس( شلوار قمیض) اور سر کو دوپٹہ سے ڈھانپ رکھا تھا جس کا مقصد مسلمانوں کے مقدس مقامات سے عقیدت کا اظہار کرنا تھا‘ برطانوی شاہی جوڑے نے اس موقع پر ننگے پائوں مسجد کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور مغلیہ دور کے فن تعمیر کو سراہا۔ ایس او ایس ویلج میں شہزادی کیٹ میڈلٹن نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ایس او ایس ویلج بچوں کی نشوونما سے متعلق عملی کام کررہا ہے۔ پاکستانی ثقافت میں خاندانی نظام کی بہت اہمیت ہے۔ پاکستانیوں نے ہمیں یاد دلایا کہ خاندانی نظام کیا ہوتا ہے۔ متاثرکن ہے۔ کیسے ایک ادارہ بچوں کی زندگی بدل رہا ہے۔ برطانوی شہزادی اردو سوشل میڈیا پرمقبول ہوگئی۔ کیٹ میڈلٹن نے اردو میں ننھے بچوں کو سالگرہ کی مبارکباد دے کر دل جیت لیے۔ لاہور میں شاہی جوڑے نے ایس او ایس ویلج میں بچوں کی سالگرہ کی ایک تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پرپہلی بار شہزادی نے اردو میں گفتگو کرکے سب کو حیران کردیا۔ سالگرہ کی تقریب میں کیٹ میڈلٹن نے بچوں کو اردو میں مبارکباد دی اور بچوں کا نام لیتے ہوئے کہا اور اب اس تقریب کا سب سے اہم حصہ ایمن، ابہام اور دانیال آپ سب کو سالگرہ بہت بہت مبارک ہو۔ کیٹ مڈلٹن کو اردو میں مبارکباد دیتے دیکھ کروہاں موجود تمام لوگ خوشی سے جھوم اٹھے۔ بعد ازاں شاہی جوڑے نے تینوں بچوں سے ہاتھ ملایا۔