• news

آزادی مارچ اسلام آباد سے باہر روکنے کا فیصلہ، وفاقی پولیس کو ہدایت نامہ جاری

اسلام آباد (نیٹ نیوز، نوائے وقت رپورٹ) آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کے زیر صدارت اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ کو اسلام آباد سے باہر ہی روکا جائے گا۔ اہم مشاورتی اجلاس میں ڈی آئی جی سکیورٹی، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈائریکٹر سیف سٹی، آر پی او راولپنڈی، ڈی پی او نوشہرہ، ڈی پی او اٹک اور موٹروے پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ پولیس حکام نے آزادی مارچ اور دھرنے کے دوران امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالے سے غور کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بناتے ہوئے مارچ کے شرکا کو اسلام آباد سے ہی باہر روکا جائے گا۔ جے یو آئی (ف) کے ممکنہ دھرنے کیلئے وفاقی پولیس نے ہدایت نامہ جاری کردیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کیٹرنگ، ٹینٹ سروس، ہوٹلز، گیسٹ ہائوس، جنریٹر کی سہولت دھرنا شرکاء کو نہ دی جائے۔ سائونڈ سسٹم سمیت کوئی چیز دھرنا شرکاء کو نہ دی جائے۔ ایسی کسی بھی سرگرمی میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن