عدلیہ کے سب سے بڑے سٹیک ہولڈر سائل، ججز اچھا اخلاق اپنائیں: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار شمیم احمد خان نے کہا ہے کہ ججز کو جدید خطوط پر تربیتی کورسز کرائے جارہے ہیں۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی لاہور میں تربیتی کورس مکمل کرنے والے ضلعی عدلیہ کے ججز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے سب سے بڑے سٹیک ہولڈر عام سائل ہیں۔ سیکھنے کا عمل ہمیشہ جاری رہنا چاہئے۔ ججزکے لئے قانون پر دسترس رکھنا ضروری ہے۔ ججز کا ایماندار ہونا بھی ضروری ہے۔ ججز قانون، انصاف اور ضمیر کے مطابق فیصلے کریں۔ اچھا اخلاق اپنائیں۔ یہ ہمارے ادارے کے لئے بے حد ضروری ہے۔ تربیتی کورسز کے اثرات ججز کی ذاتی اور پیشہ وارنہ زندگی پر ضرور آنے چاہئیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو اس کا واضح مطلب ہے کہ ہم درست سمت میں جارہے ہیں۔