بھارتی حکومت نے پریس کونسل آف انڈیا کی کمیٹی کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے سے روک دیا
نئی دہلی (اے این این) مقبوضہ کشمیر میں حکومت نے پریس کونسل آف انڈیا کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو کشمیر کے دورے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی4 نومبر کے بعد ریاست میں آسکتی ہے۔ نیوز ایجنسی ساؤتھ ایشین وائر کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک کے 2اگست کو آرٹیکل370 کو ختم کرنے سے پہلے سیاحوں کو ریاست چھوڑنے کی ایڈوائزری خارج کرنے کی ہدایت کے دو دن بعد جموں و کشمیر حکومت کے ایڈیشنل سکریٹری نے پریس کونسل آف انڈیا کو مطلع کیا کہ ان کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی 4 نومبر کے بعد ہی ریاست میں آسکتی ہے۔ ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق28 رکنی کونسل نے ریاست کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 4 ممبروں کی ایک سب کمیٹی بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اور اس سے متعلق انہوں نے 27 اگست کو جموں و کشمیر حکومت کو خط لکھا تھا۔ اس کے جواب میں 9 اکتوبر کو ای میل کے ذریعہ ایڈیشنل سیکرٹری نے بتایا کہ سب کمیٹی کی درخواست کے جواب میں ریاست کی موجودہ صورتحال کے مدنظر اور سرینگر سے جموں دفاتر کی منتقلی کی وجہ سے سب کمیٹی 4 نومبر کے بعد کسی بھی دن ریاست آ سکتی ہے۔