فضل الرحمن مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں، وہ پہلے بھی استعمال ہوتے رہے: شیخ رشید
لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں، وہ پہلے بھی استعمال ہوتے رہے ہیں، مولانا بتائیں کہ حکومت نے کہاں غلطی کی ہے، پاکستان دنیاکا واحد ملک ہے جہاں پسنجر ٹرین نفع میں چل رہی ہے اور اب فریٹ سیکٹر بھی نفع میں آگیا ہے۔ یہ میرا پانچ سال کا ٹارگٹ تھا جو میں نے ایک سال میں پورا کرلیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے رائیونڈ ریلوے سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ رائیونڈ میں سالانہ تبلیغی اجتماع کے پیش نظر اس ریلوے سٹیشن کو کھول دیا گیا ہے۔ رائیونڈ ریلوے سٹیشن کو ساڑھے پچیس کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ اس ریلوے سٹیشن میں ایک ویٹنگ ہال جس میں 50 لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، 16واش رومز، ایک عدد مسجد، تین کرنٹ بکنگ آفسز، 300موٹرسائیکلوں سمیت 100 کاروں کی پارکنگ کی گنجائش ہے۔ یہ سٹیشن روزانہ پانچ لاکھ روپے انکم دیتا ہے اور اجتماع کے دِنوں میں 10 سے 15 لاکھ لوگوں کی روزانہ آمدورفت متوقع ہوگی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اجتماع کے دوران گرین لائن، جناح ایکسپریس سمیت تمام ٹرینیں رائیونڈ ریلوے سٹیشن پر سٹاپ کریں گی۔ 28اکتوبر سے لے کر 15 نومبر تک تمام ٹرینیں رائیونڈ ریلوے سٹیشن پر سٹاپ کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں، مذاکرات کے دروازے بند ہوتے ہیں تو حادثات ہوتے ہیں، ہماری طرف سے دروازے کھلے ہیں، مولانا فضل الرحمن سے گزارش ہے کہ مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں، وہ پہلے بھی استعمال ہوتے رہے ہیں، مولانا بتائیں کہ حکومت نے کہاں غلطی کی ہے۔ پہلے 24 گھنٹے جہاں کشمیر کی بات ہورہی تھی اب مولانا کی بات ہورہی ہے، ان سے کہوں گا یہ وقت احتجاج کا نہیں ہے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ فواد چوہدری سے متعلق کسی بات کا جواب نہیں دینا چاہتا، رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کی وجہ سے ریلوے سٹیشن کا فوری افتتاح کیا ہے۔ اجتماع کے لیے چار سپیشل ٹرینیں بھی چلا رہے ہیں۔ فیصل آباد سے جانے والی ٹرینیں بھی اجتماع کے دِنوں میں براستہ رائیونڈ کراچی جائیں گی۔ تبلیغی اجتماع کے شرکاء وہ لوگ ہیں جن کی کوششوں سے اسلام اور مدرسے قائم ہیں۔