نوازشریف کی درخواست پرفضل الرحمان نے دھرنا مؤخرکردیا، ذرائع
اسلام آباد (محمد نوازرضا۔وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی درخواست پر جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمنٰ نے فی الحال ’’دھرنا‘‘ اور’’ اسلام آباد لاک ‘‘ کا پرو گرام موخر کردیا اور 31اکتوبر2019ء کو ڈی چوک اسلام آباد میں ’’شو آف پاور‘‘ کی تجویز قبول کر لی ہے جس میں مولانا فضل الرحمنٰ صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔مولانا فضل الرحمنٰ کی جانب سے ’’ دھرنا‘‘ اور اسلام آباد لاک اپ‘‘ کے بارے میں معنی خیز ’’خاموشی‘‘ کو سیاسی حلقوں میں ’’ڈیسیپشن پلان ‘‘ Decepetion plan قرار دیا جا رہا ہے ۔ اگرچہ مولانا فضل الرحمنٰ نے میاں نواز شریف کی درخواست کو قبول کر لیا ہے لیکن ان کے ذہن میں اسلام آباد پہنچ کر حکومت کے لئے چونکا دینے والا اعلان کریں گے اس لئے وہ تاحال اپنی تاش کے پتے دکھانے کے لئے تیار نہیں ۔ مسلم لیگی رہنمائوں نے بھی مولانا فضل الرحمنٰ کو پہلے مرحلے میں حکومت کو گرانے کی بجائے ماحول بنائیں اقتدار کے ’’سومنات ‘‘ کو گرانے کے لئے بار بار اسلام آباد کی جانب ’’سیاسی لشکر کشی‘‘ کریں ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگی رہنمائوں نے مولانا فضل الرحمنٰ کو مشورہ دیا ہے وہ حکومت کو قافلوں کو ’’آزادی مارچ‘‘ کو اسلام آباد جانب روکنے میں پہل کرنے کا موقع دیں اس کے بعد خود بخود شاہرائیں ’’میدان کارزار‘‘ بن جائیں گی ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگی رہنمائوں نے مولانا فضل الرحمنٰ سے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو مل کر حکومت کے خلاف تحریک کا ماحول بنانا چاہیے ۔لہذا اس کے لئے مشاورت کا عمل جاری رہنا چاہیے ۔مسلم لیگی رہنمائوں سے ملاقات کے دوران ’’دھرنا‘‘ اور اسلام لاک ڈائون‘‘ کا ذکر آیا تو جمعیت علما اسلام (ف) کے رہنمائوں نے وضاحت کی یہ نام میڈیا کے دئیے ہوئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف ڈی چوک اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمنٰ کا استقبال کریں گے