فضل الرحمن سے مذاکرات، خٹک، سنجرانی، اسد قیصر، شفقت محمود، نور الحق، اسد عمر، پرویز الٰہی پر مشتمل کمیٹی قائم
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیردفاع پرویز خٹک نے مولانا فضل الرحمن سمیت اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کیلئے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ ذرائع کے مطابق مذاکراتی کمیٹی وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے۔ مذاکراتی کمیٹی میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، اسد عمر ، وفاقی وزیر شفقت محمود اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری سمیت مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الٰہی بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تھا جس کا سربراہ انہوں نے پرویز خٹک کو بنایا ہے۔ حکومتی کمیٹی مولانا فضل الرحمن اور اپوزیشن سے آزادی مارچ اور دھرنے کے حوالے سے مذاکرات کرے گی جب کہ مولانا فضل الرحمن کا دو ٹوک مؤقف ہے کہ اگر کسی نے مذاکرات کیلئے آنا ہے تو وزیراعظم کا استعفیٰ ساتھ لے کر آئے۔