• news

کرتار پور راہداری وقت پر ہی کھلے گی، مودی روک سکو تو روک لو، تقریب میں منموہن بھی آئیں گے: شاہ محمود

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کو میرا پیغام ہے کہ روک سکو تو روک لو کرتارپور راہداری وقت پر ہی کھلے گی اور آپ نہیں روک پائیں گے، مشرقی پنجاب میں کرتارپور راہداری سے آنے کیلئے قافلے تیاری کر چکے ہیں۔ بی جے پی کی حکومت میں جرات نہیں کہ وہ مشرقی پنجاب سے قافلوں کو روک سکے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت چاہے یا نہ چاہئے کرتار پور راہداری کھل رہی ہے۔ سابق وزیراعظم من موہن سنگھ اگر عام شہری کے طور پر بھی آئیں گے تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ رائے عامہ نے مجبور کیا ہے جس پر بھارت کو راہداری کھولنا پڑے گی۔ من موہن سنگھ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے خط لکھا ہے کہ وہ ضرور آئیں گے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ وہ مہمان خصوصی کے طور پر نہیں عام شہری کے طور پر آئیں گے۔ انہیں کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ کرتارپور راہداری کا افتتاح حسب وعدہ 9 نومبر کو وزیراعظم کریں گے۔ راہداری سے روزانہ 5 ہزار سکھ یاتری تشریف لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایران اور سعودی عرب کے دورے کئے۔ ان کی کوشش ہے خطے میں کوئی تنازعہ نہ ہو۔ دونوں ممالک نے اتفاق کیا معاملات سفارتکاری کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔ افغانستان دھماکے کی مذمت کرتے ہیں۔ افغانستان میں امن خطے کے امن سے مشروط ہے۔

ای پیپر-دی نیشن