• news

رانا ثناء کیخلاف گواہی دینے والوں کی جان کو خطرہ، کیس راولپنڈی منتقل کیا جائے: شہریار آفریدی

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت ) وزیر مملکت برائے انسداد منشیات و سیفران شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ ڈرگ لارڈ ہیں ان کے خلاف ثبوت موجود ہیں لیکن ہمارے گواہوں کی جان کو خطرات ہے، آئی جی پنجاب گواہوں کو سیکورٹی فراہم کریں، رانا ثنا کو رنگے ہاتھوں پکڑا سب کچھ قوم کے سامنے آجائے گا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریارآفریدی نے کہا کہ اے این ایف نے رانا ثناء اللہ کو 15کلو ہیروئن سمیت گرفتار کیا، ضابطہ فوجداری کے تحت اے این ایف نے ثبوت عدالت میں پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کا پہلا ٹرائل ہو گا جس میں پراسیکیوشن کا ایک گواہ بھی طلب نہیں کیا گیا، اس کے دفاع کیلئے پہلے ہی شہادتیں میڈیا ٹرائل کے ذریعے پیش کی جا رہی ہیں یہاں تک کہ ضابطہ فوجداری کے تحت چالان پیش ہوتے ہی ملزمان پر فرد جرم عائد کی جاتی ہے،اے این ایف کسی ملزم کو خود سزا نہیں دے سکتی۔ وزیرمملکت شہریارآفریدی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف گواہی دینے والوں کی جان کو خطرہ ہے، رانا ثناء اللہ کے پاس اربوں روپے کہاں سے آئے؟رانا ثناء اللہ نے تو اپنے اثاثوں کو بھی کلیئر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی ذرائع آمدن کا کچھ پتہ نہیں، جبکہ رانا ثناء اللہ کے خلاف ثبوت اور گواہ موجود ہیں، مسلسل اے این ایف کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، اے این ایف کے گواہان کے تحفظ کیلئے کیس راولپنڈی منتقل کیا جائے یا جیل میں ٹرائل کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن