پاکستان اور انڈونیشیا کی مشترکہ بحری مشق سی تھنڈر فور اختتام پذیر
کراچی (صباح نیوز)پاک بحریہ اور انڈونیشیئن بحریہ کے سپیشل سروس گروپس کی مشترکہ مشق سی تھنڈر فور اختتام پذیر ہو گئی۔پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق چوتھی سالانہ مشق سی تھنڈر کراچی اور کھلے سمندر میں سات روزتک جاری رہی۔پاک بحریہ کے بحری جہازوں ، سی کنگ ہیلی کاپٹرز اور سپیشل فورسز بوٹس نے مشق میں حصہ لیا۔مشق کا مقصد سپیشل فورسز کے مابین روابط، آپریشنل تیاری اور پیشہ وارانہ مہارت کا تبادلہ تھا۔ مشق میں انسداد دہشت گردی کے لئے بحیرہ عرب میں میری ٹائم انٹرڈکشن آپریشنز کئے گئے۔مشق سی تھنڈر پاکستان اور انڈونیشین بحریہ کے درمیان مضبوط عسکری تعلقات کی عکاس ہے۔ مشق میں حاصل ہونے والے پیشہ وارانہ تجربات دونوں بحری افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔