وزیراعظم نے مہنگائی کا سخت نوٹس لیا، دھرنے کی آڑ میں انتشار کی اجازت نہیں دینگے: فردوس عاشق
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مہنگائی کا سخت نوٹس لیا ہے، مختلف وزارتوں سے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تجاویز طلب کی ہیں ،دھرنے کی آڑ میں انتشار کی اجازت نہیں دی جائیگی، اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون کے مطابق ہی کارروائی بھی ہوگی، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز علمائے کرام کو مدعو کیا تھا اور اس حوالے سے میڈیا میں ملاقات کے حوالے سے حقائق کے برعکس خبریں شائع ہوئیں جس کی وضاحت ضروری تھی۔ سندھ کے عوام صوبائی حکومت کی بد انتظامی کا شکار ہو رہے ہیں،سندھ حکومت نے مقررہ وقت میں گندم کی خریداری نہیں کی، مقررہ وقت میں گندم نہ خریدنے کی وجہ سے سندھ میں آٹے کی قیمت بڑھی، وزیراعظم نے ای سی سی کو مؤثر اور جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم نے آٹے کی قیمت میں کمی لانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم کو بتایا گیا کہ گنے کے کاشتکاروں کو بروقت ادائیگیاں کی گئیں۔ وزیراعظم نے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے منڈیوں تک سامان کی ترسیل کیلئے مڈل مین کے کردار کو ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اوقاف اراضی کے حوالے سے وفاق اور صوبے ملکر لائحہ عمل تیار کرینگے۔ کراچی میں پی پی کے جلسہ پر کہا ہے کہ رات کو دیکھا سرکاری اخراجات پر جلسہ کیا گیا ایک بچہ اقتدار کیلئے آہ و بکا کرتا رہا۔ سندھ کے عوام نے بھٹو زندہ ہے کا نعرہ دفن کر دیا ہے۔ لاڑکانہ کی شکست تبدیلی کی طرف اشارہ ہے۔ پارلیمنٹ فعال ہے اور حکومت اپنا کام کر رہی ہے۔ افواج پاکستان ملکی دفاع کی ضامن ہیں معاشی اعشاریئے بتا رہے ہیں کہ معاشی استحکام کی طرف آرہے ہیں۔ کنٹینر والوں کو مایوسی ہو گی جنہوں نے معیشت کو نڈھال کیا وہ 6 ماہ میں معیشت ٹھیک کر لیں گے؟ اسلام آباد داخل کی اجازت تو بعد کی بات ہے پہلے جہاں سے دھرنے والوں کو آنا ہے وہاں کی صوبائی حکومتیں قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔