اعجاز شاہ کی ملاقات، قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہو گی: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام کیا جائے گا۔ امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا۔ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شرپسند عناصر کی سرکوبی کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے کیونکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ۔وزیراعلیٰ نے صوبے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کی جائے۔