قصور: انتظامیہ کی غفلت ، شہر ی علاقوں میں بھینسوں کی بھر مار
قصور(نمائندہ نوائے وقت) ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور لا پرواہی سے شہر کے گنجان آباد علاقوں میں بھینسوں کی بھر مار، شہرجگہ جگہ گوبر ہونے سے شہر میں گندگی اور مچھر پھیلنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا اور حادثات کاشکار۔ شہر کی سماجی وفلاحی تنظیموں کی طرف سے بھینسوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ۔کوٹ حلیم خاں ،بستی شاہدرہ ،سلامت پورہ ،نفیس کالونی ،پکا قلعہ ۔باگڑ کوٹ اور دسہرہ گرونڈ اور گلبر گ کالونی کے علاوہ شہر کے کئی گنجان آباد علاقوں میں لوگوں نے شہر میں خلاف قانون درجنوں سیکڑوں کے حساب میں بھینسیں پال رکھی ہیں جس سے شہر کی سٹرکوں میں نہ صرف گوبر نظر آتا ہے بلکہ اس سے مچھروں کی افزائش کی بہتات نظر آتی ہے ۔شہر کی مخلتف تنظیموں کے عہدیداران نے موقف اختیار کیا ہے جب بھینسوں کو چارہ چرانے یا پانی پلانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاتا ہے تو اس سے سٹرکوں پر جگہ جگہ گوبر کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ٹریفک کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ مچھروں کی بھر مار سے شہری ملیریاجیسی موذی امراض میں بھی مبتلا ہو رہے ہیں۔