• news

واشنگٹن میں ملاقاتیں، پاکستان معاشی استحکام کے راستے پر گامزن:مشیر خزانہ، امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان معیشت کے استحکام کے راستے پر گامزن ہے، جبکہ ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم مشیر برائے خزانہ نے واشنگٹن میں امریکی کمپنیوں اور سر مایہ کاروں کے ساتھ مختلف بینکوں کے صدور سے بھی ملاقاتیں کیں۔ عبدالحفیظ شیخ نے امریکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کا ری کے حجم کو بڑھانے کی دعوت دی، جبکہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے وفد کے ہمراہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر جِن لی کون سے بھی ملاقات کی۔ مشیر خزانہ نے اپنے دورہ امریکہ میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جبکہ صدرایشیائی بنک نے پاکستان کی معاشی ترقی کے ایجنڈے کیلئے مکمل حمایت اور تعاون کا اعادہ کیا۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندار ایم ایچ ہجار سے بھی ملاقات کی جبکہ اپنے دورے کے دوران انہوں نے عالمی بینک کے ذیلی ادارے آئی ایف سی کی نائب صدر نِینا سٹوالج کووک سے بھی ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن