• news

دورہ آسٹریلیا ، قومی سکواڈ کا اعلان آج ، فاسٹ بائولر محمد عباس فٹ ہوگئے

لاہور (سپورٹس رپورٹر) دورہ آسٹریلیا کے سکواڈز کا انتخاب ،سلیکشن کمیٹی کی مشاور ت حتمی مکمل‘ قومی ٹیم کا اعلان آج کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں باولرز کے تربیتی کیمپ کے دوران ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق، بائولنگ کوچ وقار یونس، ٹیسٹ کپتان اظہر علی اور ٹی ٹونٹی قائد بابر اعظم موجود تھے جنہوں نے مل کر مجوزہ کھلاڑیوں کی فہرست پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے حتمی شکل دی، آج چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے منظوری ملنے کے بعد ٹیموں کا اعلان کردیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی میں محمد رضوان اور ٹیسٹ میں بابر اعظم کو نائب کپتان مقرر کیے جانے کا امکان ہے، مصباح الحق نے قومی ٹی ٹونٹی کپ میں شریک صوبائی ٹیموں کوچزسے ابتدائی مشاورت مکمل کرتے ہوئے ایک فہرست پہلے ہی مرتب کررکھی ہے، ڈومیسٹک ایونٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بیٹسمینوں کے نام زیر غور ہیں جبکہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کچھ نئے نام سامنے آسکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق فاسٹ بائولر محمد عباس بھی فٹ ہو گئے ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری باولرا کیمپ اختتام پذیر ،آسٹریلیا کے خلاف سکواڈ میں شرکت کرنے والے فاسٹ باولرز کی ممکنہ فہرست تیار کر لی ۔آسٹریلوی کنڈیشنز کیلئے موزوں باولرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ فٹنس مسائل کا شکار حسن علی ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہوگئے، ٹیسٹ میچز میں بھی شمولیت کے امکانات معدوم دکھائی دے رہیں۔ کمردرد کا شکار پیسر کو ڈاکٹرز نے مزید 3 ہفتے آرام کی ہدایت دی ہے۔حسن علی قومی ٹی ٹونٹی کے دوسرے رائونڈ میںسنٹرل پنجاب کی نمائندگی کے خواہاں تھے لیکن تکلیف بڑھنے کا خدشہ دیکھتے ہوئے انھیں واپس بھیج دیاگیا۔ تین ہفتوں بعد ایک بارپھر فٹنس ٹیسٹ کی روشنی میں ٹیسٹ سیریز میں کھیلنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرئع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو دورہ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں محمدعامر، وہاب ریاض، محمدحسنین اور عثمان شنواری کی شمولیت کا امکان روشن ہے، شاہین شاہ آفریدی کو سکواڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ ہیڈکوچ وقاریونس کی رپورٹ پر ہوگا، قومی ٹی ٹونٹی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آل راونڈرز فہیم اشرف اور عامر یامین میں مقابلہ ہے،شعیب ملک اور محمد حفیظ جیسے سینئرز کی شمولیت پر بات چیت بھی جاری رہی۔ گذشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں باولرز کا 2 روزہ تربیتی کیمپ ختم ہونے کے بعد وقاریونس کی رپورٹ اہم قرار دی جا رہی ہے۔ پاکستانی ٹیم کو دورئہ آسٹریلیا میں 3 ٹی ٹونٹی میچ 3،5 اور 8 نومبر کو کھیلنا ہیں،2ٹیسٹ کی سیریز21 نومبر سے شروع ہوگی،ٹی ٹونٹی ٹیم 26 اور27 اکتوبر کی درمیان شب سڈنی روانہ ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن