جہلم: سفاک والد کا دوسری بیوی کیساتھ تشدد‘ بیٹا جاں بحق‘ بیٹی کی حالت تشویشناک
جہلم (نامہ نگار )ظلم اور بربریت کی نئی داستان، سفاک والد نے دوسری بیوی کیساتھ ملکر اپنے بچوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ 9 سالہ بیٹا ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ بیٹی کی حالت تشویشناک ہے۔ مقدمہ درج کر لیا ملزمان فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مشین محلہ نمبر 1 شیشہ گرائونڈ کے رہائشی ولید طارق کے پاس پہلی بیوی کے بچے رہائش پذیر تھے۔ چند روز قبل ولید طارق کی موجودہ بیوی ڈاکٹر سمیرا رانا نے اپنے خاوند کے ہمراہ بچوں پر تشدد کیا جس پر بچوں وائل ولید اور حولہ ولید کو سول ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے بچوں کو راولپنڈی ریفر کر دیا۔ گزشتہ شام نو سالہ بچہ وائل ولید دم توڑ گیا جبکہ بچی تا حال راولپنڈی ہسپتال میں داخل ہے اور زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ جہلم پولیس نے بچے کی حقیقی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیے۔