• news

بھائی ولیم کے ساتھ راستے جدا، وقت پڑنے پر مدد کیلئے موجود ہوں گا: شہزادہ ہیری

لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانوی شہزادہ ہیری نے اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم سے تعلقات میں دراڑ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں بھائی الگ راستوں پر چل رہے ہیں۔ برطانوی شہزادے ہیری کی جانب سے یہ اعتراف ایک برطانوی ٹی وی کے دستاویزی فلم کے دوران دیئے گئے انٹرویو میں کیا گیا۔ شہزادہ ہیری کا کہنا ہے کہ بھائیوں میں اچھے برے دن آتے رہتے ہیں، فی الوقت دونوں کے راستے الگ ہیں تاہم وقت پڑنے پر وہ ہمیشہ شہزادہ ولیم کی مدد کیلئے موجود ہوں گے اور انہیں معلوم ہے کہ شہزادہ ولیم بھی ایسا ہی کریں گے۔ برطانوی شہزادے کا کہنا ہے کہ شاہی خاندان کا حصہ ہونے کی حیثیت سے اپنا کردار اور ذمہ داریاں نبھانے کے دوران نہ چاہتے ہوئے بھی بہت سی چیزیں ہوجاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دونوں بھائی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، دونوں اب بہت مصروف ہیں ، ولیم سے اتنی ملاقات نہیں ہوتی جنتا ہم پہلے ملا کرتے تھے لیکن اپنے بھائی سے وہ بہت پیار کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ شاہی خاندان میں اختلافات کی افواہیں کافی عرصے سے چل رہی تھیں تاہم رواں سال مئی کے مہینے میں ان خبروں میں مزید جان اس وقت پڑی شہزادہ ہیری اور ان کی اہیلہ میگھن مارکل نے شاہی محل سے نکل کر اپنی علیحدہ رہائش اختیار کرلی تھی۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ذاتی مصروفیات کے باعث ہماری ہفتوں تک ملاقات نہیں ہو پاتی لیکن پھر بھی ہمارا ایک دوسرے کے لئے بہت پیار ہے انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے لئے میری اپنی ذمہ داریاں اور شاہی خاندان کے اندر میرا اپنا کردار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن