• news

مزید دو برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت

لندن(این این آئی)برطانوی پارلیمنٹ کے مزید دو ارکان نے مقبوضہ کشمیر میںمسلسل لاک ڈائون اور مواصلاتی ذرائع کی معطلی کی مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی رکن پارلیمنٹ Matt Rodda نے کہاکہ کشمیریوں کا گزشتہ 77روز سے محاصرے میں ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ مظلوم کشمیریوں کے لیے اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی ، موبائل فون اورانٹرنیٹ زندگی کی اہم ضرورتیں ہیںاور مجھے حیرت ہے کہ کشمیر میں 90 لاکھ لوگوں کو بھارتی حکومت کی طرف سے عائد کی گئی پابندیوں کی وجہ سے سیل فون اور انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔ایک اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فلپس لی نے کہا کہ اب دنیا کو کشمیریوں کی بات سننا پڑے گی جو اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کو تنازعہ کشمیر کو ہمیشہ کے لیے حل کرنے کے لیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانا ہوگا۔ اس موقع پر آزادجموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کشمیرکاز کی حمایت کرنے پر ارکان پارلیمنٹ کا شکریہ اداکرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ آگے آئے اورجنوبی ایشیا کے امن کو بچائے جس کوبھارتی حکومت نے 90لاکھ معصوم کشمیریوں کو محصورکرکے دائو پر لگا رکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن