ایل او سی پربھارتی فائرنگ اور بابا گرونانک کے جنم دن پر عام تعطیل کے مطالبے سمیت 5 قراردادیں پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور (خصوصی نامہ نگار/ این این آئی) رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور جوابی کاروائی سے دشمن کو کرارا جواب دینے پر پاک فوج کی دلیرانہ صلاحیتوں کو سراہتا ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کے مکروہ اقدامات کا نوٹس لے۔ بابا گرونانک کی سالگرہ کے موقع پر 12 نومبرکو عام تعطیل کے مطالبے کی قرارداد بھی پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی۔ تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مومنہ وحید کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ 12 نومبرکو گرو نانک کی سالگرہ کے موقع پر پنجاب بھر میں عام تعطیل کی جائے۔ گریٹر اقبال پارک سے نایاب درختوں کی کٹائی کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع ، قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن اسوہ آفتاب کی جانب سے جمع کرائی گئی، ٹمبر مافیا نے گریٹر اقبال پارک سے نایاب درخت کاٹ کر فروخت کر دیئے گئے۔ گریٹر اقبال پارک سے 25 سے زائد نایاب درختوں کو کاٹا گیا۔ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان گریٹر اقبال پارک سے درخت کاٹنے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کاوظیفہ ختم کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع، قرارداد مسلم لیگ (ن) کے رکن رانا منان خان کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کیلئے مفت تعلیم اور وظیفے کا پروگرام شروع کیا۔ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان حکومت کے اس اقدام کی شدید مخالفت کرتا ہے۔ یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کا وظیفہ ہرگزختم نہ کیا جائے۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن عظمیٰ بخاری نے چیئر مین نیب سے عامر کیانی، غلام سرور اور بابر عطاء کیخلاف اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع۔ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان چیئر مین نیب سے مطالبہ کرتا ہے عامر کیانی، غلام سرور اور بابر عطاء کیخلاف غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔ چیئر مین نیب کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے بلاتفریق احتساب کریں۔