• news

ڈینگی راولپنڈی‘ شانگلہ میں مزید 2 جانیں نگل گیا‘ 883 نئے کیس رپورٹ

راولپنڈی‘ اسلام آباد (جنرل رپورٹر‘ خصوصی نمائندہ) ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں‘ مزید 883 کیس رپورٹ ہوئے‘ اسلام آباد میں 14 سالہ لڑکی‘ شانگلہ میں میٹرک کا طالب علم زندگی کی بازی ہار گیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی شہر میں ڈینگی وائرس مزید ایک قیمتی جان نگل گیا۔ ذرائع کے مطابق رواں سال ڈینگی سے ابتک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 50 سے زائد ہو گئی ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 55 مزید شہری ڈینگی کا شکار ہوگئے ہیں، جاں بحق ہونے والی چودہ سالہ طیبہ اسلام آباد کی رہائشی جو کہ ہولی فیملی ہسپتال میں زیرعلاج تھیں۔ دریں اثناء شانگلہ میں ڈینگی نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی۔ میرا بالامانڑئی کے دسویں کے طالب علم عطاء الرحمن کو چار دن قبل ڈینگی بخار پر سوات ہسپتال منتقل کیاگیا تھا۔ دریں اثناء پاکستان میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 883 نئے کیسز درج ہوئے جن سے مجموعی تعداد 34359 ہو گئی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں ڈینگی کے 135 مریض مختلف ہسپتا لوں میں لائے گئے ہیں جس سے مجموعی تعداد 9713 ہو گئی۔ محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب 7576 اور سندھ میں 6147 ڈینگی کیس سامنے آئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں5789 اور قبائلی اضلاع 491 ڈینگی کیس کا اندراج ہوا ہے۔ بلوچستان 2877، آزادکشمیر1448 اور ملک کے دیگر علاقوں سے318 ڈینگی کیس سامنے آئے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق رواں برس ڈینگی سے 47 اموات ہوئیں۔ وفاقی دارالحکومت میں 18، سندھ 19، پنجاب 10، بلوچستان 3، آزادکشمیر ڈینگی سے1 شخص جاں بحق ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن