• news

کینیڈا الیکشن: وزیراعظم ٹروڈو کی پارٹی کامیاب، سادہ اکثریت نہ حاصل ہوسکی، عمران، ٹرمپ کی مبارکباد

اوٹاوہ، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، نمائندہ خصوصی)کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈوکی جماعت اتحادی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی لیکن انہیں ایک چھوٹی بائیں بازو کی جماعت کی حمایت کی ضرورت ہو گی۔کینیڈاکے پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق وزیراعظم ٹروڈوکی لبرل جماعت اتحادیوں کے ساتھ مل کر نئی حکومت کی تشکیل کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ عام انتخابات میں ٹروڈو کی لبرل پارٹی نے ایوان کی 338 نشستوں میں سے 156 پر برتری حاصل کرلی ہے لیکن حکومت سازی کیلئیاس نے اکثریت کھودی ہے، حکومت بنانے کیلئے کسی بھی پارٹی کو 170 نشستیں درکار تھیں۔ لبرل پارٹی کی مخالف کنزرویٹو پارٹی کو 121 نشستوں پر برتری حاصل ہے، گزشتہ انتخات کے مقابلے میں ٹروڈو کی لبرل پارٹی کو 19 نشستیں کم ملی ہیں جبکہ کنزرویٹو پارٹی 26 زائد نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔جسٹن ٹروڈو نے سوشل میڈیا کے ذریعے سب کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ ان کی ٹیم مستقبل میں کینیڈا کے تمام لوگوں کے لیے سخت محنت کرے گی۔جسٹن ٹروڈو کی کامیابی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کرکے انہیں مبارک باد پیش کی۔ٹرمپ نے لکھا کہ دونوں ممالک کی بہتری کے لیے ٹروڈو کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔وزیراعظم عمران خان نے بھی ٹروڈو کیلئے مبارکباد کا پیغام لکھا اور کہا کہ وہ جسٹن ٹروڈو کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن