پانی روکنے کی کوشش پر بھارت کو جواب دینے کا حق رکھتے ہیں: شاہ محمود
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کا بیانیہ بری طرح پٹ رہا ہے۔ پاکستان نے بھارت کا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا بھات کے جھوٹے الزامات کا نوٹس لے۔ کنٹرول لائن پر بھارت کی تازہ ترین جارحیت اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں صورتحال خراب کر رکھی ہے، عالمی سطح پر اس کا نوٹس لیا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ امریکی کانگریس میں بھی مسئلہ کشمیر زیر بحث آ رہا ہے۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اس کی جانب سے پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو ’اشتعال انگیزی‘ کے مترادف سمجھا جائے گا۔ وزارت خارجہ میں "سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے اہم اجلاس کے بعد وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کا معقول جواب دینے میں پاکستان حق بجانب ہو گا۔ ہندوستان کی حکومت کیطرف سے اس طرح کے بیانات سے دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔ مودی حکومت کی سخت گیر اور نفرت انگیز پالیسیاں جنوبی ایشیا اور پوری دنیا کے امن کے لیے واضح طور پر ایک خطرہ ہیں۔