امن خراب کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کاروائی ہوگی: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ کا 19 واں اجلاس ہوا۔ پنجاب کابینہ نے پنجاب ای سٹیمپ رولز 2016 میں ترامیم کی منظوری دی گئی، ان ترامیم سے عوام کو آن لائن ادائیگی کی مزید سہولت میسرآئے گی۔ پنجاب پولیس (منسٹریل پوسٹس) رولز 2017 میں ترامیم کا معاملہ محکمہ قانون کی اجازت سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت ترامیم کا جائزہ لے کر اگلے اجلاس میں رپورٹ پیش کریں گے۔ پنجاب پولیس میں انسپکٹر لیگل (سپیشلسٹ کیڈر) بی ایس 16 کی بھرتیوں کے حوالے سے پولیس رولز میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ ضابطہ فوجداری (کوڈ آف کریمنل پروسیجر) میں بھی ترامیم کی منظوری دی گئی، ان ترامیم سے حکومت مجاز افسروں کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کر سکے گی جس سے اختیارات کے نفاذ کے میکانزم کو مزید موثر بنایا جا سکے گا۔ اجلاس میں یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کیلئے وائس چانسلر کی تعیناتی کے طریقہ کار، سرچ کمیٹی کی تشکیل اور گائیڈ لائنز کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کے 18 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو عوام کے معمولات زندگی میں خلل ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون شکن عناصر اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ صوبے میں امن عامہ کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور ریاست عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری نبھائے گی۔ صوبے میں عوام کے جان و مال کا تحفظ پہلی ترجیح ہے۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں اوقاف کی کارکردگی اور بادشاہی مسجد کی بحالی و تزئین نو کے کام کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بادشاہی مسجد تاریخی مذہبی ورثہ ہے اور اس عظیم ورثے کی بحالی اور تزئین نو کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے بادشاہی مسجد کی بحالی و تزئین نو کے کام کیلئے کمیٹی تشکیل دی۔ اجلاس میں داتا دربار سے بادشاہی مسجد تک ماسٹر پلان تیار کرنے، اوقاف کی اراضی پر قبضے واگزار کرانے کیلئے آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عثمان بزدارسے وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عمومی صورتحال اور وکلاء کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پنجاب اسمبلی قانون سازی کے ریکارڈ قائم کرے گی اور عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر نئے ایکٹ بھی لا رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے نواز شریف کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے -وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں محکمہ صحت کے حکام اور سروسز ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔