• news

کشمیر کو علاقائی تنازعہ قرار دینے کے بھارتی بیانیہ کو بے نقاب کرنا ہوگا: وزیراعظم آزادکشمیر

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیر کو دو ملکوں کے درمیان علاقائی تنازعہ قرار دینے کی بھارت کے بیانیہ کو دنیاکے سامنے بے نقاب کرنا ہوگا، بھارت کے اس بیانیہ کو شکست دینے کے لئے خارجہ پالیسی میں تبدیلی کی ضرور ت ہے، بھارت نے لائن آف کنٹرول پر کسی قسم کی جارحیت کی تو اسے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ منگل کو یہاں اپنے ایک انٹرویو میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو نشانہ بنا کر آزاد کشمیر کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتا ہے تاکہ آزاد کشمیر کے لوگ اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی حمایت سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس ہیں اور آزاد کشمیر کے لوگ اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بھارت نے اگر جارحیت کی کوئی حرکت کی تو اسے منہ کی کھانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارتی وزیر اعظم مودی کی دھمکیوں پر ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا سب سے زیادہ کریڈٹ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو جاتا ہے جنہوں نے بھارت کے 5 اگست کے اقدام کو مسترد کیا۔

ای پیپر-دی نیشن