نواز شریف کی ہسپتال منتقلی‘ کیپٹن صفدر کی گرفتاری تشویشناک ہے: اسفند ولی
پشاور (آئی این پی)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقلی اورکیپٹن صفدر کی گرفتاری افسوسناک ہے۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ آج حکومتی ترجمان کی طرف سے جس طرح میاں محمد نواز شریف کی بیماری کا مذاق اُڑا یا جارہا ہے اسی طرح مرحومہ کلثوم نواز کی بیماری کا مذاق بھی اُڑایا جاتا تھا۔ صحت کے معاملات کو سیاست کیلئے استعمال کرنا غیر انسانی رویہ ہے۔ اسفندیار ولی خان نے مزید کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے بیماری کو بھی دباو ڈالنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو سیاسی انتقام کے طور پر استعمال کرنے والوں کا بھی ایک دن احتساب ہوگا، آزادی مارچ کے نزدیک آتے ہی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ اسفندیار ولی خان نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اے این پی زرداری اور شریف خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔