ہڑتال جاری، گرینڈ ہیلتھ الائنس کا ملتان میں 26 اکتوبر کو دھرنے کا اعلان
ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب اور صوبائی وزیر صحت کی جانب سے گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب سے مزاکرات سے انکار پر گرینڈ ہیلتھ الائنس ملتان نے ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں 26 اکتوبر ہفتہ کو ہڑتال کر کے چوک کچہری پر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس ملتان کا اجلاس گزشتہ روز نشر ہسپتال ملتان میں ڈاکٹر محمد فاران اسلم صدر وائی ڈی اے ملتان کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں شرکاء نے یہ بھی کہا اگر حکومت نے ایم ٹی آئی ایکٹ واپس نہ لیا تو دھرنوں کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا اور حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پنجاب کی اور وزیر صحت پنجاب پر ہو گی۔ دریں اثنا گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کی ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں گیارہویں روز بھی ہڑتال رہی۔ نشتر ہسپتال میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس کی جانب سے آوٹ ڈور بند کروانے کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ چلڈرن کمپلیکس سے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں ڈاکٹرز،پیرا میڈیکس اور نرسز کی کثیر تعداد شریک ہوئی، شرکا نے چلڈرن کمپلیکس کے باہر جا کرچوک کو چاروں جانب سے بلاک کر دیا اور سپیڈو بس کو بھی روک لیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔