تشکیل مکمل نہ ہونا ناکامی، حکومت ورکرز ویلفیئر فنڈ فعال کرے: سپریم کورٹ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے حکومت کو ورکرز ویلفیئر فنڈز کی تشکیل مکمل کرنے اور فعال کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ حکومت ورکرز ویلفیئر فنڈز کی تشکیل کر کے فعال کرے، ورکرز ویلفیئر حکام صوبائی بورڈز کو فنڈز کے اجرا کے لئے اقدامات کریں جسٹس اعجازالاحسن نے سوال کیا کہ صوبوں کو ڈیتھ اور میرج گرانٹ کی مد میں فنڈز کا اجرا کیوں نہیں کیا گیا؟ ڈیتھ اور میرج گرانٹ تو بڑا اہم معاملہ ہوتا ہے، اس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈز کی تشکیل مکمل نہیں، ورکرز ویلفیئر فنڈز کے اس وقت دو ممبر نہیں ہیں، جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیاکہ بورڈ کی تشکیل کس نے مکمل کرنی ہے؟جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھاکہ بورڈ کی تشکیل نہ ہونا حکومت کی ناکامی ہے، حکومت کی فنڈز جاری کرنے کی ترجیحات بدل گئی ہیں، ورکرز صبر کریں بورڈ کی تشکیل مکمل ہو جائے، عدالت ورکرز کی مدد ضرور کرے گی۔