• news

ایران نے مجبور کیا تو حملہ کر دینگے: ٹرمپ ایٹمی سمجھوتے کی سطح کم کرنے کیلئے تیار ہیں: تہران

واشنگٹن(این این آئی+ اے پی پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگرکسی اقدام کی ضرورت ہوئی تو ایران پر حملہ کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ اگر ایران نے ہمیں ہم مجبور کیا تو ہم ایران پر حملہ کریں گے۔ اگر ضروری ہوا تو ہم جنگ کے لیے تیار ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 20 ستمبر کو ٹرمپ نے ایران کے مرکزی بینک اور قومی ترقیاتی فنڈ پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ میں ایران پرحملے کے وقت کا فیصلہ خود کروں گا۔امریکی صد رنے کہا تھا کہ ایران کے خلاف پابندیاں سب سے زیادہ سخت ہیں۔ انہوں نے تہران کو متنبہ کیا کہ واشنگٹن کے پاس دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہے اور وہ ایران کی طرف زیادہ سے زیادہ پابندی کا استعمال کر رہے ہیں۔دوسری جانب ایران نے کہا ہے کہ تہران ایٹمی سمجھوتے پر عمل درآمد کی سطح کم کرنے کے لئے چوتھا قدم اٹھانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے ایک پریس کانفرنس میں ایٹمی سمجھوتے پر عمل درآمد کی سطح کم کرنے کے لئے چوتھے قدم پر عمل درآمد سے متعلق تازہ ترین صورت حال کے بارے میں کہا کہ چوتھے قدم کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور ایران اس پر عمل درآمد کے لئے تیار ہے۔ سید عباس موسوی نے اس کے ساتھ ہی اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ایٹمی سمجھوتے میں باقی ممالک معاہدے پر عمل کریں گے تاکہ ایران کی جانب سے ایٹمی سمجھوتے پر عمل درآمد کی سطح کم کرنے کے لئے چوتھا قدم اٹھانے کی نوبت نہ آئے۔

ای پیپر-دی نیشن