خوش قسمت ہوں ٹی20کرکٹ نہیں کھیلی، نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کو وقت دینا ہوگا: وقار یونس
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے ٹی 20 کرکٹ میں یارکرز کو اہم ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولرز کیلئے رنز کا سیلاب روکنا آسان نہیں رہا۔ جدید کرکٹ میں بیٹسمین زیادہ ہوشیار اور فٹ نظر آتے ہیں، فاسٹ بولرز کیلئے رنز کا سیلاب روکنا آسان نہیں رہا،قومی ٹی ٹونٹی کپ کے دوران نگاہیں ایسے بولرز پر مرکوز رہی ہیں جو فٹ اور موقع کی مناسبت سے گیندوں میں ورائٹی لا سکیں۔ پیسرز کیلئے ٹی ٹونٹی میچز میں یارکرز کا موئثر استعمال کرنا ضروری ہے، سپیڈ میں تبدیلی اور درست لینتھ بھی حریفوں کیلئے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔ خوش قسمت ہوں کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ نہیں کھیلی۔ محدود اوورز کی کرکٹ بولرز کیلئے آسان نہیں ۔ ون ڈے کرکٹ میں دو نئے بالز بھی بولرز کیلئے مشکلات کا باعث ہیں۔ بطور کوچ نئے بولرز کی سپیڈ اور اس کا سمارٹ ہونا دیکھنا پڑتا ہے۔ نئے ڈومیسٹک فارمیٹ کا پہلا سال ہے، ابتداء میں مشکلات ہوتی ہی، نئے ڈومیسٹک فارمیٹ کو وقت دینا ہو گا، مستقبل میں اس کے اچھے نتائج ملیں گے۔